8 نومبر 2026 - 10:02
اسلامی جہاد کی وارننگ: غزہ کے بے گھر فلسطینی سنگین انسانی المیے کے دہانے پر

اسلامی جہاد فلسطین نے غزہ میں شدید بارشوں، خیموں میں پانی بھرنے اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث بے گھر خاندانوں کی بگڑتی صورتحال پر خبردار کرتے ہوئے فوری امدادی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جہاد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں ہزاروں فلسطینی خاندان مناسب پناہ گاہوں اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام سے محروم ہیں۔ انہیں اپنے خیموں کو پانی سے بچانے اور بچوں کو سیلابی پانی سے محفوظ رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تحریک نے مزید کہا کہ بے گھر افراد کی رہائش گاہوں کے اطراف اسرائیلی فوجیوں کی مسلسل فائرنگ سے شہریوں کی جانوں کو لاحق خطرات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ خستہ حال خیموں اور بنیادی حفاظتی سہولتوں کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور خاندانوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

اسلامی جہاد نے غزہ میں فوری طور پر عارضی رہائشی یونٹس اور موبائل ہاؤسنگ فراہم کرنے، نکاسیٔ آب اور سیوریج کے نظام کی مرمت اور تعمیرِ نو کا عمل جلد شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تحریک نے ثالث ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ غزہ کی سرحدی گزرگاہیں کھولی جائیں اور تعمیراتی سامان، رہائشی سہولتوں اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

بیان میں عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں کو غزہ کے انسانی بحران کا سیاسی، اخلاقی اور قانونی طور پر ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ بے گھر فلسطینیوں کے لیے فوری محفوظ پناہ گاہوں کا انتظام کیا جائے اور انہیں اپنے گھروں اور معمول کی زندگی میں واپس جانے کا موقع فراہم کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق، آج صبح سے ہونے والی شدید بارشوں کے باعث غزہ کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور بے گھر افراد کے خیموں میں پانی بھر گیا، جس سے دسیوں ہزار افراد کی زندگی مزید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha